ملک بھر میں شدید گرمی، چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی
ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا۔ پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب سوات، دیر، چترال اور دیگر بالائی اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، شمالی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں 10 جون تک شدید گرمی برقرار رہے گی، جبکہ 11 اور 12 جون سے موسم میں تبدیلی اور بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بھی پیشگوئی کی ہے کہ 11 اور 12 جون کو خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب، راولپنڈی اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسی دوران بلوچستان کے ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی بارش متوقع ہے۔
ادھر کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے
