پی ٹی آئی کے مردان جلسے میں محمود اچکزئی کی عدم شرکت کا امکان
پی ٹی آئی کے مردان جلسے میں محمود اچکزئی کی عدم شرکت کا امکان
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے مردان میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے سیاسی صورتحال میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اور پارٹی ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی مردان جلسے کی تاریخ کے انتخاب اور انہیں اعتماد میں نہ لینے پر نالاں ہیں۔ جلسے کی تاریخ مبینہ طور پر خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے طے کی تھی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی نے جلسوں اور احتجاج کی ذمہ داری محمود اچکزئی کو سونپی تھی، تاہم جلسے میں شرکت کے حوالے سے رابطہ کرنے پر عاطف خان کی جانب سے کی گئی کال کے باوجود انہوں نے فوری آمادگی ظاہر نہیں کی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر مینا خان کا کہنا ہے کہ تمام معاملات محمود اچکزئی کی مشاورت سے دیکھے جائیں گے، جبکہ مردان جلسے کے حوالے سے احکامات پارٹی قیادت کی جانب سے جاری کیے گئے تھے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اندرونی اختلافات کے یہ اشارے پارٹی کے آئندہ سیاسی پروگرامز پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
