گیسٹ ہاؤس میں قیام کے بیان پر وسیم عباس کی وضاحت
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)پاکستانی شوبز صنعت کے سینئر اداکار وسیم عباس نے کراچی آمد پر گھر کے بجائے گیسٹ ہاؤس میں قیام سے متعلق اپنے وائرل بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ ان کا ہرگز یہ مطلب نہیں تھا کہ ان کا بیٹا یا بہو ان کی عزت نہیں کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بہو گھر کے تمام کام خود سنبھالتی ہے اور جب بھی وہ ان کے ہاں قیام کرتے ہیں تو ان کے لیے کھانا تیار کرتی ہے، تازہ روٹیاں بناتی ہے اور گرم کھانا پیش کرتی ہے۔
اداکار نے کہا کہ وہ اکثر اپنی بہو سے کہتے ہیں کہ کھانا گرم رکھنے والی مشین میں رکھ دیا کرے کیونکہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی وجہ سے اسے اضافی زحمت اٹھانا پڑتی ہے۔ اسی لیے انہوں نے گیسٹ ہاؤس میں قیام کو بہتر سمجھا، کیونکہ وہ اس کے اخراجات برداشت کر سکتے ہیں۔
وسیم عباس کا کہنا تھا کہ تعطیلات کے دنوں میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور آج بھی ان کا خاندان مشترکہ خاندانی نظام کے تحت زندگی بسر کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے چار بچے ہیں اور سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک معمولی سی بات کو غیر ضروری طور پر بڑا بنا کر تنازع کی شکل دے دی گئی، حالانکہ حقیقت میں ایسا کوئی مسئلہ موجود نہیں تھا۔
اپنے بیٹے علی عباس کے بارے میں بات کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ وہ ان کا عکس ہے اور لوگ مستقبل میں بھی اسے دیکھ کر انہیں یاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ باپ اور بیٹے کا رشتہ محبت، اعتماد اور فخر پر قائم ہے۔
