پیٹرولیم ریلیف پروگرام کا آغاز، موٹر سائیکل اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی ملے گی: شزا فاطمہ
پیٹرولیم ریلیف پروگرام کا آغاز، موٹر سائیکل اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی ملے گی: شزا فاطمہ
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے پیٹرولیم ریلیف پروگرام کا اجراء کر دیا ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل، تھری ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزراء عطاء تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے لیے ماہانہ 20 لٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑی کے لیے 30 لٹر پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں شہریوں کو رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل سم سے اپنا سی این آئی سی نمبر بھیجنا ہوگا، جس کے بعد گاڑی یا موٹر سائیکل کی رجسٹریشن، رجسٹریشن کی تاریخ اور اس صوبے یا شہر کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی جہاں گاڑی رجسٹرڈ ہے۔
شزا فاطمہ کے مطابق معلومات میں کسی قسم کی کمی کی صورت میں شہری کو پیغام کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کا عمل صرف ایک مرتبہ مکمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹریشن کے بعد جب شہری پیٹرول لینے جائے گا تو اسے 9771 پر TOK لکھ کر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا، جس کے ذریعے پیٹرولیم ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔
