ایران میں لاپتا امریکی افسر بازیاب، ٹرمپ کا جرات مندانہ ریسکیو آپریشن کا دعویٰ
ایران میں لاپتا امریکی افسر بازیاب، ٹرمپ کا جرات مندانہ ریسکیو آپریشن کا دعویٰ
واشنگٹن / تہران: ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں گرنے والے امریکی جنگی طیارے کے لاپتا افسر کو کامیابی کے ساتھ بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوج نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تاریخ کے جرات مندانہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں سے ایک انجام دیتے ہوئے ایک اہم افسر، جو ایک معزز کرنل بھی ہیں، کو بحفاظت واپس لے آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اہلکار F-15 Eagle طیارہ گرنے کے بعد ایران میں لاپتا ہو گیا تھا اور تقریباً دو دن تک ایرانی حکام سے بچتے ہوئے روپوش رہا۔ بعد ازاں امریکی فورسز نے ایک خفیہ اور انتہائی خطرناک آپریشن کے ذریعے اسے نکال لیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ریسکیو آپریشن رات کی تاریکی میں کیا گیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ اطلاعات ہیں کہ ایرانی حکام کو اہلکار کی ممکنہ لوکیشن کا اندازہ تھا، جس کے باعث کارروائی مزید خطرناک ہو گئی تھی۔
اگرچہ سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ اس آپریشن میں کون سی فورسز شامل تھیں، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی امریکی اسپیشل فورسز نے انجام دی۔
امریکی حکام کے مطابق بازیاب ہونے والا اہلکار اب ایران سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت ہے، اور ایسے خطرناک ریسکیو آپریشنز خطے میں صورتحال کو مزید حساس بنا سکتے ہیں۔
