اسلام آباد میں اہم سفارتی سرگرمیاں: عباس عراقچی آج پاکستان پہنچیں گے، امن مذاکرات متوقع
اسلام آباد میں اہم سفارتی سرگرمیاں: عباس عراقچی آج پاکستان پہنچیں گے، امن مذاکرات متوقع
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی آج رات اہم سفارتی دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ خطے کی موجودہ صورتحال پر اعلیٰ سطحی مشاورت اور مذاکرات کریں گے۔ یہ دورہ ایک وسیع سفارتی مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ مسقط اور ماسکو بھی جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کے تنازع پر تبادلہ خیال اور ممکنہ حل تلاش کرنا ہے۔ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں امن مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی بھی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، جس کے لیے امریکی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم پہلے ہی موجود ہے۔
اس اہم پیش رفت سے قبل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں جنگ بندی، علاقائی استحکام اور پاکستان کی جاری سفارتی کاوشوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے پائیدار امن کے لیے مسلسل اور بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر عباس عراقچی نے پاکستان کی مثبت اور تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خطے میں امن کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ بھی قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جس سے خطے میں ممکنہ سفارتی پیش رفت کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
