امریکی خصوصی ایلچی ایران سے مذاکرات کے لیے اسلام آباد روانہ ہوں گے، وائٹ ہاؤس کی تصدیق
امریکی خصوصی ایلچی ایران سے مذاکرات کے لیے اسلام آباد روانہ ہوں گے، وائٹ ہاؤس کی تصدیق
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں بتایا ہے کہ امریکا کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ایران کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد جائیں گے۔ ان کے مطابق دونوں اہلکار ہفتے کی صبح روانہ ہوں گے۔
ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اس مذاکراتی دور میں شریک نہیں ہوں گے تاہم وہ وزیر خارجہ مارکو روبیو اور دیگر حکام کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو اعلیٰ امریکی قیادت بھی پاکستان جا سکتی ہے۔
کیرولین لیویٹ نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور وہ براہ راست بات چیت کے لیے آمادہ ہوا ہے۔ انہوں نے خطے میں حالیہ جنگ بندی کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ مذاکرات کے بعد مسقط اور ماسکو کا بھی دورہ کریں گے۔
