ایران کی امریکا و اسرائیل کو سخت دھمکی، کشیدگی بڑھی تو خطہ “جہنم” بننے کا انتباہ
پورا خطہ امریکا کے لیے دوزخ بنادیں گے، ایران نے ٹرمپ کو خبردار کردیا
خبر:
ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ کا دائرہ مزید پھیلا تو پورا خطہ ان کے لیے جہنم بن سکتا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا جواب محدود نہیں ہوگا بلکہ پورے خطے میں سخت اور وسیع ردعمل سامنے آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو زیر کرنے کا خواب مخالفین کے لیے ایک خطرناک دلدل بنتا جا رہا ہے جہاں وہ خود پھنس سکتے ہیں۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایران کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے کہ وہ معاہدہ کرے یا آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے کھول دے، بصورت دیگر سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، اور اس کی بندش سے عالمی منڈیوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کشیدگی میں مزید اضافہ نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
