ایران اور امریکا کیلئے پاکستان کا جنگ بندی منصوبہ، تہران نے تصدیق کردی
ایران اور امریکا کیلئے پاکستان کا جنگ بندی منصوبہ، تہران نے تصدیق کردی
اسلام آباد/تہران: ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے پاکستان نے ایک جامع جنگ بندی منصوبہ تیار کیا ہے اور اسے دونوں ممالک کی قیادت کو پہنچا دیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق پاکستان کی جانب سے تیار کردہ فریم ورک میں فوری جنگ بندی اور بعد ازاں حتمی معاہدے کی تجاویز شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت جنگ بندی کے فوراً بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل کھولنے کا امکان ہے، جبکہ 45 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد اسلام آباد میں حتمی مذاکرات متوقع ہیں۔
منصوبے میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی کے بدلے پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں کی بحالی کی بات بھی کی گئی ہے۔ پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے مسلسل رابطے کیے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی عہدیدار نے رائٹرز کو تصدیق کی کہ پاکستان کی تجویز موصول ہو گئی ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم تہران نے واضح کیا کہ وہ کسی ڈیڈ لائن یا دباؤ کو قبول نہیں کرے گا اور عارضی جنگ بندی کے بدلے آبنائے ہرمز نہیں کھولے گا۔ ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا میں مستقل جنگ بندی کے لیے تیاری کا فقدان ہے۔
