پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، جنگ بندی کے بعد مارکیٹ میں زبردست ردعمل
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، جنگ بندی کے بعد مارکیٹ میں زبردست ردعمل
کراچی — پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے معاشی اثرات عالمی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر بھی فوری طور پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں 12,920 پوائنٹس کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس تیزی کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار 594 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
پی ایس ایکس انتظامیہ کے مطابق مارکیٹ میں اچانک آنے والی اس بڑی تیزی کے باعث کاروباری سرگرمیوں کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کر دیا گیا۔
مزید برآں، کے ایس ای 30 انڈیکس میں 5 فیصد سے زائد اضافے کے بعد صبح 9 بج کر 37 منٹ پر ٹریڈنگ روک دی گئی، جس کے بعد کاروباری سرگرمیاں 10 بج کر 42 منٹ پر دوبارہ بحال کی جائیں گی۔
ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے اعلان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں یہ تاریخی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
