اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار جیت، لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست
اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار جیت، لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) کے ایک اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور کی ٹیم اسلام آباد کی مضبوط بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں صرف 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا نے 25، حسیب اللہ نے 19 جبکہ آصف علی نے 15 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی جانب سے کرس گرین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رچرڈ گلیسن، عماد وسیم اور شاداب خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 101 رنز کا ہدف صرف 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ڈیون کونوے نے 59 اور محمد فائق نے 34 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، جبکہ سمیر منہاس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کامیابی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ میں اپنی تیسری فتح حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر 5 میچز میں 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے، جبکہ لاہور قلندرز 4 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
