آبنائے ہرمز کھلی ہے، امریکی جہاز گزر سکتے ہیں: سعید خطیب زادہ
آبنائے ہرمز کھلی ہے، امریکی جہاز گزر سکتے ہیں: سعید خطیب زادہ
تہران میں ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ امریکی بحری جہاز بھی آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ کسی قسم کی دشمنی پر مبنی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔
BBC Persian کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت کھلی ہوئی ہے، تاہم جہازوں کے محفوظ گزرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایرانی افواج کے ساتھ رابطے میں رہیں تاکہ تکنیکی اور سیکیورٹی معاملات کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایرانی نائب وزیر کے مطابق ایران اپنے متعین کردہ محفوظ راستوں کے ذریعے جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کے معاملے میں مناسب رویہ اختیار نہیں کر رہا۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سمندری سیکیورٹی اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور ممکنہ خطرات، خصوصاً بارودی سرنگوں سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔
