امریکا میں جنگی تیاری تیز، کار ساز کمپنیاں اسلحہ سازی میں شامل ہونے کی تیاری

0
امریکا میں جنگی تیاری تیز، کار ساز کمپنیاں اسلحہ سازی میں شامل ہونے کی تیاری

امریکا میں جنگی تیاری تیز، کار ساز کمپنیاں اسلحہ سازی میں شامل ہونے کی تیاری

اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)امریکا میں ایران اور یوکرین سے جڑی کشیدہ جنگی صورتحال کے باعث اسلحہ کے ذخائر پر بڑھتے دباؤ کے پیش نظر حکومت نے بڑی کار ساز کمپنیوں سے مدد طلب کر لی ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے معروف کمپنیوں جنرل موٹرز اور فورڈ سمیت دیگر مینوفیکچررز کے اعلیٰ عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں انہیں اسلحہ سازی کے شعبے میں زیادہ فعال کردار ادا کرنے کی تجویز دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ کار ساز کمپنیوں اور صنعتی اداروں کی پیداواری صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے۔

اس حکمت عملی کو ماضی کی مثالوں، خصوصاً دوسری جنگ عظیم کے دوران اپنائے گئے ماڈل سے جوڑا جا رہا ہے، جب امریکی صنعتوں نے گاڑیوں کے بجائے جنگی سازوسامان تیار کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پینٹاگون چاہتا ہے کہ یہ کمپنیاں اپنی فیکٹریوں، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلحہ کی پیداوار بڑھائیں، کیونکہ موجودہ جنگی حالات کے باعث امریکی ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے بات چیت ایران کے ساتھ کشیدگی سے پہلے ہی شروع ہو چکی تھی، تاہم حالیہ حالات نے اس ضرورت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وبا کے دوران بھی جنرل موٹرز اور فورڈ نے طبی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ہزاروں وینٹی لیٹرز تیار کیے تھے، جو ہنگامی صورتحال میں صنعتی شعبے کے کردار کی اہم مثال ہے۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پینٹاگون نے کہا ہے کہ امریکا جدید ترین اسلحہ کی تیاری کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ مکمل طور پر نافذ ہو گیا تو امریکی دفاعی صنعت میں بڑی تبدیلی آ سکتی ہے اور نجی شعبہ مزید فعال کردار ادا کرے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے