پاکستان کے خلاف جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان کے خلاف جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کو پاکستان کی بہادری، عزم اور کامیابی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ معرکہ قوم کی جرات، عزم اور کامیابی کی واضح مثال ہے، اور پاکستانی عوام اپنے شہدا، غازیوں اور مسلح افواج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی خدمات کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق پاک افواج نے قوم کی حمایت سے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے امن کی خواہش کے ساتھ اپنی سلامتی اور خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی کسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور دہشت گردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان عالمی امن اور استحکام کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ امریکا-ایران تنازع میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
