ال نینو کا خطرہ بڑھ گیا، جون تا اگست 2026 میں شدید موسمی تبدیلیوں کا خدشہ

0
ال نینو کا خطرہ بڑھ گیا، جون تا اگست 2026 میں شدید موسمی تبدیلیوں کا خدشہ

ال نینو کا خطرہ بڑھ گیا، جون تا اگست 2026 میں شدید موسمی تبدیلیوں کا خدشہ

اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے اور عالمی موسمیاتی تنظیم (WMO) نے خبردار کیا ہے کہ جون سے اگست 2026 کے دوران ال نینو کے پیدا ہونے کا امکان 80 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں شدید گرمی، خشک سالی، غیر معمولی بارشوں اور دیگر موسمی شدت کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

عالمی موسمیاتی تنظیم کے مطابق بحرالکاہل کے وسطی اور مشرقی استوائی علاقوں میں سمندر کے پانی کا درجہ حرارت معمول سے نمایاں حد تک بڑھ رہا ہے، جس سے ال نینو کی صورتحال تیزی سے تشکیل پا رہی ہے۔ ادارے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق نومبر 2026 تک ال نینو کے بننے کا امکان 90 فیصد یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کم از کم درمیانی شدت کا اور ممکنہ طور پر طاقتور ثابت ہوسکتا ہے۔

ال نینو ایک قدرتی موسمیاتی عمل ہے جو ہر دو سے سات سال بعد رونما ہوتا ہے اور عموماً 9 سے 12 ماہ تک برقرار رہتا ہے۔ اس دوران بحرالکاہل کے پانی گرم ہوجاتے ہیں، جس کے باعث دنیا بھر میں بارشوں، ہواؤں اور درجہ حرارت کے نظام میں نمایاں تبدیلیاں آتی ہیں۔

عالمی موسمیاتی تنظیم کی سربراہ نے کہا ہے کہ ممالک کو ال نینو کے ممکنہ اثرات کے لیے فوری تیاری شروع کر دینی چاہیے کیونکہ یہ خشک سالی، موسلا دھار بارشوں اور زمینی و سمندری ہیٹ ویوز کے خطرات میں اضافہ کرسکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "ال نینو ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہے” اور اسے ایک ہنگامی موسمیاتی انتباہ کے طور پر لیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق بڑھتی ہوئی عالمی حدت کے ساتھ ال نینو کے اثرات مزید شدید ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جون سے اگست کے دوران دنیا کے بیشتر حصوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ مشرقی افریقہ کے بعض علاقوں میں بارشیں کم ہوسکتی ہیں، جنوبی ایشیا میں مون سون معمول سے کم رہنے کا خدشہ ہے جبکہ وسطی امریکہ میں بھی خشک اور گرم موسم متوقع ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے