اقتصادی سروے آج جاری: جی ڈی پی، زراعت اور صنعت کے اہداف پورے نہ ہو سکے، ترسیلات زر اور سروسز سیکٹر میں بہتری

0
اقتصادی سروے آج جاری: جی ڈی پی، زراعت اور صنعت کے اہداف پورے نہ ہو سکے، ترسیلات زر اور سروسز سیکٹر میں بہتری

اقتصادی سروے آج جاری: جی ڈی پی، زراعت اور صنعت کے اہداف پورے نہ ہو سکے، ترسیلات زر اور سروسز سیکٹر میں بہتری

اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج معاشی ٹیم کے ہمراہ مالی سال 2025-26 کا اقتصادی سروے پیش کریں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں مجموعی قومی پیداوار (GDP) کی شرح نمو 4.2 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.7 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ فی کس آمدنی، زرعی اور صنعتی شعبوں کے ترقیاتی اہداف بھی حاصل نہیں ہو سکے۔

اقتصادی سروے کے مطابق زرعی شعبے کی شرح نمو 4.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2.89 فیصد اور صنعتی شعبے کی شرح نمو 4.30 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 3.51 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم خدمات (سروسز) کے شعبے کی کارکردگی بہتر رہی اور اس کی شرح نمو 4 فیصد ہدف سے بڑھ کر 4.09 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 38 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ جون کے اختتام تک ان کے 41 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب برآمدات 35.3 ارب ڈالر کے ہدف کے مقابلے میں 28 ارب ڈالر تک محدود رہیں۔

اقتصادی سروے میں لائیو اسٹاک شعبے کی مثبت کارکردگی بھی نمایاں کی گئی ہے۔ اس شعبے کی شرح نمو 3.8 فیصد رہی جبکہ ماہی گیری کے شعبے نے 1.7 فیصد نمو حاصل کی۔ ملک میں بھینسوں، گائیوں، بکریوں، بھیڑوں، اونٹوں، گھوڑوں، خچروں اور گدھوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو لائیو اسٹاک سیکٹر کی مسلسل ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔

مہنگائی کی اوسط شرح 7.50 فیصد کے سالانہ ہدف کے مقابلے میں 11 ماہ کے دوران 7 فیصد رہی، جبکہ مئی میں مہنگائی کی شرح 11.66 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ فی کس آمدنی کا ہدف 5 لاکھ 60 ہزار 803 روپے تھا، تاہم یہ 5 لاکھ 33 ہزار 629 روپے تک محدود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ البتہ ڈالر کے حساب سے فی کس آمدنی 1901 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے