عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول 22 اور ڈیزل 42 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان
عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول 22 اور ڈیزل 42 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر ایکس ریفائنری قیمت میں 18 روپے 18 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد یہ 245 روپے 16 پیسے سے کم ہو کر 226 روپے 98 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 36 روپے 16 پیسے کی کمی کے بعد یہ تقریباً 268 روپے فی لیٹر تک آ گئی ہے۔
تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حتمی ردوبدل کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ڈیزل پر عائد پٹرولیم لیوی میں 27 روپے تک اضافے پر غور کر رہی ہے، جس کے باعث صارفین کو متوقع کمی کا مکمل فائدہ نہ ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب Ali Pervaiz Malik نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولا تیار کرنے کی غرض سے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان کے مطابق نئے نظام کے تحت عوام قیمتوں میں اضافے یا کمی کی وجوہات بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، جبکہ فارمولا تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد مرتب کیا جائے گا۔
