عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 7 فیصد تک گر گئیں، برینٹ 13 جولائی کے بعد کم ترین سطح پر
عالمی منڈی میں خام تیل ایک ڈالر سے زائد سستا، برینٹ 87.69 ڈالر فی بیرل پر آگیا
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 7 فیصد تک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 13 جولائی کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوا۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 6.35 ڈالر کمی کے بعد 83.77 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 4.33 ڈالر سستا ہو کر 80.34 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی محکمہ توانائی کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ امریکا کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو میں خام تیل کے ذخائر 1983 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ صورتحال ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹریٹجک ذخائر سے 172 ملین بیرل خام تیل جاری کرنے کی منظوری کے بعد پیدا ہوئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھل جاتی ہے تو خام تیل کی قیمتیں تیزی سے جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آ سکتی ہیں۔
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اوپیک پلس کے سات بنیادی رکن ممالک، سعودی عرب، روس، عراق، کویت، الجزائر، قازقستان اور عمان نے ستمبر سے یومیہ تقریباً ایک لاکھ 88 ہزار بیرل تیل کی پیداوار بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ فیصلہ 2023 میں طے پانے والی 16 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ رضاکارانہ کٹوتی کو مرحلہ وار ختم کرنے کے منصوبے کا آخری مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے میں ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات بھی شامل تھا، تاہم وہ مئی میں اوپیک سے علیحدہ ہو چکا ہے۔
