مائیکل اسمتھ دو سال کے لیے پاکستان مینز ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

0

اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مائیکل اسمتھ کو دو سال کے لیے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

مائیکل اسمتھ ریڈ بال اور وائٹ بال، دونوں قومی ٹیموں کے ساتھ کام کریں گے اور 19 اگست سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ٹیم کو جوائن کریں گے۔

اس وقت قومی ٹیسٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل ہیں، جبکہ بیٹنگ کوچ کا مستقل عہدہ کافی عرصے سے خالی تھا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق بطور سلیکٹر وقتاً فوقتاً بیٹنگ کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے رہے، تاہم اب یہ ذمہ داری مکمل طور پر مائیکل اسمتھ کے سپرد کر دی گئی ہے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن حالیہ عرصے میں مسلسل تنقید کی زد میں رہی ہے، خصوصاً ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ کی ناکامیوں نے ٹیم انتظامیہ کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے 244 رنز پر تین وکٹوں سے مضبوط آغاز کے باوجود آخری سات وکٹیں صرف 38 رنز کے اضافے پر گنوائیں، جبکہ 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے قومی ٹیم کے آخری چار بلے باز اوسطاً صرف 9.91 رنز فی وکٹ بنا سکے ہیں، جو اس عرصے میں تمام ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں میں سب سے کم اوسط ہے۔ دوسری جانب پاکستانی بولرز بھی حریف ٹیموں کے نچلے نمبروں کے بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، جس کے باعث ٹیم کو متعدد مواقع پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ مائیکل اسمتھ کی تقرری سے قومی بیٹنگ لائن میں استحکام آئے گا اور ٹیم اپنی حالیہ کمزوریوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوگی۔

مائیکل اسمتھ کا مختصر تعارف:
مائیکل اسمتھ نے جنوبی افریقا کی جانب سے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 7,029 رنز اسکور کیے، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ کوچنگ کے شعبے میں وہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تین مختلف فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں، جبکہ ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے