عوام پر ایک اور بوجھ! گھی اور تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ متوقع
گھی اور کوکنگ آئل مہنگا ہونے کا خدشہ، قیمتوں میں 150 روپے تک اضافے کی پیش گوئی
ملک میں مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ خوردنی اشیاء خصوصاً گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آنے والے دنوں میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں فی کلو 100 سے 150 روپے تک بڑھ سکتی ہیں، جس سے عام صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے پیداواری لاگت کو شدید متاثر کیا ہے۔ مل مالکان کے مطابق ٹرانسپورٹ، بجلی اور دیگر آپریشنل اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث موجودہ قیمتوں پر گھی اور تیل کی فروخت برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایک مؤثر پینل تشکیل دیا جائے جو بڑھتی ہوئی لاگت کا جائزہ لے اور قیمتوں میں کمی کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی تیار کرے، تاکہ صارفین کو مزید مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اگر قیمتوں میں اضافہ ہوا تو اس کے اثرات نہ صرف گھریلو بجٹ بلکہ مجموعی مہنگائی کی شرح پر بھی پڑیں گے۔
