جے ڈی وینس پاکستان روانہ، ایران-امریکا مذاکرات کل اسلام آباد میں
جے ڈی وینس پاکستان روانہ، ایران-امریکا مذاکرات کل اسلام آباد میں
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ اسلام آباد میں ہونے والے ایران اور امریکا کے اہم مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کریں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ مذاکرات پاکستان کی ثالثی میں کل اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ روانگی کے موقع پر جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کے مطابق مذاکرات میں حصہ لینے جا رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت مثبت رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایرانی قیادت سنجیدگی اور نیک نیتی کا مظاہرہ کرے گی تو امریکا بھی کھلے دل سے آگے بڑھے گا، تاہم کسی قسم کی چالاکی کی صورت میں امریکی وفد مثبت ردعمل نہیں دے گا۔
امریکی وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے، جبکہ ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے اور ان کے ہمراہ اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف بھی ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود اور صحافیوں کو ویزا فری سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
