زلزلے کے جھٹکے: خیبر پختونخوا، اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں خوف و ہراس
زلزلے کے جھٹکے: خیبر پختونخوا، اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں خوف و ہراس
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)پشاور اور اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.5 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 91 سے 199 کلومیٹر کے درمیان تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں زیرِ زمین واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور، سوات، ملاکنڈ، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، خیبر، بونیر، شانگلہ، چترال، بٹگرام اور اپر دیر سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، ہری پور، چکوال، تلہ گنگ اور کلر کہار میں بھی زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
افغانستان کے متعدد صوبوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی، تاہم شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
حکام نے صورتحال پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے جبکہ ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
