پیٹرولیم لیوی وصولیوں میں ریکارڈ اضافہ، ڈیڑھ ماہ میں 180 ارب سے زائد جمع
پیٹرولیم لیوی وصولیوں میں ریکارڈ اضافہ، ڈیڑھ ماہ میں 180 ارب سے زائد جمع
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی وصولی میں غیر معمولی اضافے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران عوام سے 180 ارب روپے سے زائد رقم اس مد میں حاصل کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 1 ہزار 234 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 400 ارب روپے زیادہ ہیں۔ ماہرین اسے مالیاتی لحاظ سے ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
ماہانہ تفصیلات کے مطابق جولائی میں 157 ارب روپے، اگست میں 103 ارب 46 کروڑ روپے، ستمبر میں 112 ارب 85 کروڑ روپے اور اکتوبر میں 143 ارب 48 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔ نومبر میں 148 ارب 36 کروڑ روپے جبکہ دسمبر میں سال کی بلند ترین ماہانہ وصولی 162 ارب 46 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی۔
جنوری میں 108 ارب 76 کروڑ روپے، فروری میں 120 ارب 39 کروڑ روپے اور مارچ میں 139 ارب 48 کروڑ روپے جمع ہوئے، جبکہ اپریل کے ابتدائی 15 دنوں میں اب تک 38 ارب روپے قومی خزانے میں جمع ہو چکے ہیں۔
پیٹرولیم لیوی میں یہ نمایاں اضافہ حکومت کے ریونیو اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس کا بوجھ بالآخر عوام پر ہی پڑتا ہے۔
