ڈھاکا ٹیسٹ: اذان اویس کی شاندار سنچری، پاکستان کی چار وکٹیں گر گئیں
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگ ایک وکٹ پر 179 رنز سے دوبارہ شروع کی۔
پاکستان کی جانب سے کریز پر موجود اذان اویس نے 84 اور عبداللہ فضل نے 37 رنز کے ساتھ اننگ کو آگے بڑھایا۔ نوجوان بیٹر اذان اویس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔
تاہم وہ پہلے سیشن میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد پاکستان کو مزید نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کپتان شان مسعود 9 رنز بنا کر 226 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔
اگلے ہی اوور میں سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے اور پاکستان کی چوتھی وکٹ 227 رنز پر گر گئی۔
اس سے قبل بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگ میں 413 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے نجم الحسن شانتو نے 101، مومن الحق نے 91 جبکہ مشفیق الرحیم نے 71 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی طرف سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نعمان علی اور حسن علی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
