خیبر پختونخوا میں آج سے شدید بارشوں کی پیشگوئی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
خیبر پختونخوا میں آج سے شدید بارشوں کی پیشگوئی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے 4 اپریل تک شدید بارشوں، تیز ہواؤں، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کا امکان ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کوہاٹ، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جبکہ چترال، دیر، باجوڑ، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ اور کوہستان کے علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں 21 ملی میٹر، پاراچنار میں 17 ملی میٹر اور بنوں میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 30 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت کالام میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
