ریسی وین ڈر ڈوسن کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
جنوبی افریقا کے اہم ترین کھلاڑی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
جنوبی افریقا کے مایہ ناز بلے باز ریسی وین ڈر ڈوسن نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 9 اکتوبر 2018 کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے کیا تھا۔
ریسی وین ڈر ڈوسن نے جنوبی افریقا کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر ابھرے۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 57 ٹی ٹوئنٹی، 71 ون ڈے اور 18 ٹیسٹ میچز کھیلے۔
انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ 16 اگست 2025 کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ وہ اپنی مستقل مزاج بیٹنگ اور مشکل مواقع پر ذمہ دارانہ کارکردگی کے لیے جانے جاتے تھے۔
ان کے کیریئر کی ایک یادگار اننگ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں دیکھنے کو ملی، جہاں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 133 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی تھی۔
ریسی وین ڈر ڈوسن کی یہ عمدہ کارکردگیاں شائقین کرکٹ کو طویل عرصے تک یاد رہیں گی۔
