لودھراں میں پیٹرول مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹرز کا احتجاج، گاڑیاں بند، مسافر خوار
لودھراں میں پیٹرول مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹرز کا احتجاج، گاڑیاں بند، مسافر خوار
لودھراں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنی گاڑیاں بند کر دیں، جس کے باعث شہر میں ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہو گیا۔
مظاہرین ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے بعد کاروبار چلانا ناممکن ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جبکہ کرایوں میں اتنا اضافہ کرنا ممکن نہیں، جس سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، بصورت دیگر ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے۔
دوسری جانب گاڑیاں بند ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شہر کے مختلف پیٹرول پمپس پر بھی غیر معمولی سناٹا دیکھنے میں آیا۔
ٹرانسپورٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر قیمتیں کم نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
