پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ، پیٹرول 458 اور ڈیزل 520 روپے فی لیٹر مقرر
پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ، پیٹرول 458 اور ڈیزل 520 روپے فی لیٹر مقرر
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کیے گئے وعدوں اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں شدید اضافہ اور خلیجی خطے کی صورتحال کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی 90 فیصد تیل کی ضروریات دبئی اور عمان سے پوری کرتا ہے جہاں قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سبسڈی صرف مخصوص طبقوں کو دی جائے گی۔ اس کے تحت موٹرسائیکل سواروں کو 100 روپے فی لیٹر سبسڈی (ماہانہ 20 لیٹر تک، 3 ماہ کیلئے) دی جائے گی جبکہ چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کیلئے بھی خصوصی سبسڈی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت ایک ماہ بعد سبسڈی کا دوبارہ جائزہ لے گی جبکہ ریلوے کو بھی ریلیف دیا جائے گا تاکہ عام مسافروں پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
حکومت نے توانائی بچانے کیلئے مارکیٹوں کے اوقات دن تک محدود کرنے کی تجویز بھی دی ہے، جس پر صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔
