ایران نے امریکی دھمکیوں کو مسترد کر دیا، سخت جواب دینے کی وارننگ دے دی
ایران نے امریکی دھمکیوں کو مسترد کر دیا، سخت جواب دینے کی وارننگ دے دی
تہران: ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران کسی بھی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔
ایرانی مشترکہ فوجی کمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کو مسلسل ناکامیوں اور سبکی کا سامنا ہے اور سخت بیانات دراصل انہی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دھمکیوں کے ذریعے نہ تو امریکا اپنی ساکھ بحال کر سکتا ہے اور نہ ہی خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا سکتا ہے۔
فوجی حکام نے کہا کہ واشنگٹن کی جارحانہ بیان بازی اس کی کمزوری کا اعتراف ہے۔ ایران نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا دھمکی سے اس کی پالیسی میں تبدیلی نہیں آئے گی۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر امریکا کسی بھی نوعیت کی فوجی کارروائی کی کوشش کرے گا تو ایران بھرپور اور سخت جواب دے گا جس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ ایرانی قیادت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ممکنہ کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کے کھولنے اور ایران کو معاہدے پر آمادہ کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔
