زلمی کی شاندار جیت، مصباح الحق کا ٹیم پر اظہار اطمینان
زلمی کی شاندار جیت، مصباح الحق کا ٹیم پر اظہار اطمینان
پاکستان سپر لیگ 11 میں پشاور زلمی کی شاندار جیت کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ٹیم کی کارکردگی اور کنڈیشنز پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ کراچی کی وکٹ لاہور کے مقابلے میں زیادہ سلو ہے، جہاں بیٹرز کو کریز پر رکنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ان کنڈیشنز کے مطابق بہتر حکمت عملی اپنائی، جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں نکلا۔
انہوں نے افتخار احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار بولر ہیں اور پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کو ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مصباح کا کہنا تھا کہ افتخار احمد کو اپنی بولنگ پر بھرپور اعتماد ہے اور وہ کھلاڑیوں کی کمزوریوں کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
مصباح الحق نے مزید کہا کہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی فارم بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد اپنے روایتی انداز میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی کامیابی کی جانب گامزن ہو چکی ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے کھلاڑی معین علی نے اعتراف کیا کہ پشاور زلمی نے ہر شعبے میں بہتر کھیل پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی، جبکہ زلمی نے عمدہ بیٹنگ کے بعد شاندار بولنگ کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی۔
