محکمہ موسمیات کی وارننگ: 16 سے 19 اپریل ملک بھر میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان، بعض علاقوں میں ژالہ باری متوقع
محکمہ موسمیات کی وارننگ: 16 سے 19 اپریل ملک بھر میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان، بعض علاقوں میں ژالہ باری متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 اپریل کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور میدانی علاقوں بشمول چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں وقفے وقفے سے بارش اور آندھی چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 17 اور 18 اپریل کو بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی اس دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع سمیت پنجاب اور اسلام آباد میں بھی 16 سے 18 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
