اسلام آباد میں امریکا–ایران مذاکرات کا نیا دور متوقع، سفارتی سرگرمیاں تیز
اسلام آباد میں امریکا–ایران مذاکرات کا نیا دور متوقع، سفارتی سرگرمیاں تیز
اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور جلد شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کیلئے دوبارہ اسلام آباد آ سکتے ہیں۔ پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا اگلا دور اسی ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات ممکنہ طور پر جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہو سکتے ہیں، جہاں دونوں فریقین اہم تنازعات پر بات چیت جاری رکھیں گے۔ اس سے قبل بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔
دوسری جانب جے ڈی وینس نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے شہباز شریف اور عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی میں غیر معمولی قیادت اور مدبرانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے سنجیدہ مذاکرات تعطل کا شکار رہے تھے۔
