پاکستان کی ثالثی، ایران-امریکا مذاکرات کا دوسرا دور متوقع؛ جنگ بندی اور پابندیوں پر بات چیت جاری
پاکستان کی ثالثی، ایران-امریکا مذاکرات کا دوسرا دور متوقع؛ جنگ بندی اور پابندیوں پر بات چیت جاری
ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا نیا دور متوقع، پاکستان پھر میزبان بن سکتا ہے
ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ذریعے پیغامات کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے اور امکان ہے کہ آئندہ بدھ کو اسلام آباد ایک بار پھر ان مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور اسلام آباد میں ہو چکا ہے۔ اس کے بعد ایرانی وفد کی واپسی پر پاکستان کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان متعدد پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتوار سے اب تک پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستانی ثالثوں کے ذریعے اہم امور پر بات چیت ہو رہی ہے، جن میں جنگ کے خاتمے، ایران کو ہونے والے نقصانات کے ازالے اور ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے جیسے معاملات شامل ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول میں دلچسپی نہیں رکھتا، تاہم وہ اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور خطے میں کسی بھی قسم کی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے آئندہ مذاکرات بنیادی طور پر جنگ بندی پر مرکوز ہوں گے۔
