اسلام آباد میں ممکنہ ایران-امریکہ مذاکرات: سیکیورٹی ہائی الرٹ، ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا فیصلہ
سرخی: اسلام آباد میں ممکنہ ایران-امریکہ مذاکرات: سیکیورٹی ہائی الرٹ، ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے سے متعلق ممکنہ دوسرے دور کے مذاکرات کی تیاریوں کے پیش نظر سیکیورٹی انتہائی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں تمام ٹرانسپورٹ اڈے دس روز کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو 26 اپریل تک نافذ العمل رہے گا۔ اس دوران دیگر اضلاع سے جڑواں شہروں میں داخل ہونے والی ٹریفک بھی معطل رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ، ٹورازم سروسز اور رینٹ اے کار سروسز کو بھی عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی خدشات سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ اہم تنصیبات، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات ممکنہ اہم سفارتی سرگرمیوں کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
