صارفین کیلئے وارننگ: لوڈشیڈنگ سے انٹرنیٹ سروسز متاثر
صارفین کیلئے وارننگ: لوڈشیڈنگ سے انٹرنیٹ سروسز متاثر
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)ملک میں جاری طویل لوڈشیڈنگ نے جہاں روزمرہ زندگی کو متاثر کیا ہے، وہیں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز بھی شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہیں، اور صارفین کو ممکنہ تعطل سے خبردار کیا جا رہا ہے۔ٹیلی کام کمپنیوں کے مطابق بجلی کی غیر یقینی فراہمی نیٹ ورک انفراسٹرکچر کے لیے بڑا چیلنج بن چکی ہے
۔
شہری علاقوں میں زیادہ تر موبائل ٹاورز بیک اپ بیٹریوں پر چلتے ہیں، جنہیں مکمل چارج ہونے کے لیے کم از کم تین گھنٹے مسلسل بجلی درکار ہوتی ہے، مگر بار بار کی لوڈشیڈنگ اس عمل میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ترجمان کے مطابق بیٹریاں مکمل چارج نہ ہونے کے باعث اپنی بیک اپ صلاحیت کھو رہی ہیں، جس سے نیٹ ورک سروسز متاثر ہو رہی ہیں۔
عام طور پر موبائل ٹاورز کی بیٹریاں 2 سے 6 گھنٹے تک بیک اپ دیتی ہیں، لیکن طویل لوڈشیڈنگ کے دوران سسٹم کے مکمل طور پر بند ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔مزید بتایا گیا کہ بجلی نہ ہونے کی صورت میں جنریٹرز ایک متبادل حل ہیں، تاہم پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ہر ٹاور پر مسلسل جنریٹر چلانا ممکن نہیں رہا۔
ماہرین کے مطابق اگر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اسی طرح طویل رہا تو نہ صرف کال سروس بلکہ موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ کی رفتار اور دستیابی بھی مزید متاثر ہو سکتی ہے، جس سے صارفین کو رابطے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
