ایران کی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی تصدیق، ٹیم مکمل تیار
ایران کی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی تصدیق، ٹیم مکمل تیار
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)ایران نے شمالی امریکا میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قومی فٹبال ٹیم میگا ایونٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سرکاری نشریاتی ادارے IRIB کو بتایا کہ وزارتِ کھیل و نوجوانان نے ٹیم کی کامیاب شرکت کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تیاریاں وزیرِ کھیل کی ہدایت پر کی گئی ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس سے قبل جیانی انفانتینو نے 16 اپریل کو واضح کیا تھا کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا، اور اس بات پر زور دیا تھا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے۔
یہ میگا ایونٹ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں 6 جون سے 11 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ ایران گروپ جی میں شامل ہے جہاں اس کا مقابلہ بیلجیئم، مصر اور نیوزی لینڈ سے ہوگا، جبکہ اس کے تمام گروپ میچز امریکا میں شیڈول ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کی شرکت پر اس وقت سوالات اٹھے تھے جب امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوا، جس کے بعد ایران نے بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی تھی اور فیفا سے میچز کو میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔
