سرکاری حج سکیم: رواں برس 50 ہزار سے زائد خواتین فریضہ حج ادا کریں گی
سرکاری حج سکیم: رواں برس 50 ہزار سے زائد خواتین فریضہ حج ادا کریں گی
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک): رواں سال پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت مجموعی طور پر 50,114 خواتین فریضہ حج ادا کریں گی۔ خواتین عازمین کا تناسب اس سال 43.5 فیصد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ خواتین عازمین کا تعلق کراچی ریجن سے ہے، جہاں سے 13,869 خواتین حج پر جائیں گی۔ دوسرے نمبر پر لاہور ریجن کی 13,619 اور تیسرے نمبر پر اسلام آباد ریجن کی 11,573 خواتین شامل ہیں۔
دیگر شہروں میں ملتان سے 4,264، پشاور سے 3,331 اور سیالکوٹ سے 2,412 خواتین عازمین شامل ہیں، جبکہ سیالکوٹ ریجن میں خواتین کا تناسب سب سے زیادہ 47.8 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کوئٹہ ریجن سے 709 خواتین حج پر روانہ ہوں گی، تاہم یہاں خواتین کا تناسب صرف 17.3 فیصد ہے۔ سب سے کم تعداد سکھر ریجن سے ہے جہاں سے صرف 337 خواتین عازمین شامل ہوں گی۔
ملک بھر کے آٹھ ریجنز سے مجموعی طور پر 50,114 خواتین حج ادا کریں گی، جبکہ 65,182 مرد عازمین بھی مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس جائیں گے۔ سرکاری حج سکیم کا مجموعی کوٹہ اس سال 1 لاکھ 19 ہزار رکھا گیا ہے۔
