ٹرمپ کی برطانیہ کو دھمکی — ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ ہوا تو بھاری ٹیرف عائد کرنے کا انتباہ
ٹرمپ کی برطانیہ کو دھمکی — ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ ہوا تو بھاری ٹیرف عائد کرنے کا انتباہ
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ اگر برطانیہ نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ کیا تو امریکا جوابی طور پر بھاری ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے برطانیہ کے اس اقدام کو “غیر منصفانہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی کمپنیوں کے مفادات کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اپنی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے بالواسطہ طور پر برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ پالیسی برقرار رہی تو امریکا برطانوی مصنوعات پر بڑے پیمانے پر ٹیرف عائد کرنے پر غور کرے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ اور امریکا کے درمیان ڈیجیٹل ٹیکس اور ٹیکنالوجی پالیسیوں پر پہلے ہی اختلافات موجود ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس تنازع کے بڑھنے سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ اس کے اثرات عالمی تجارت، ٹیکنالوجی سیکٹر اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
