ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ
ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
National Disaster Management Authority نے آج سے 15 جون تک الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
الرٹ کے مطابق چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقوں غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت میں بھی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔ حکام نے قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ پر ممکنہ بندش اور سفری مشکلات سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جون کے دوران اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
