بارشوں کا نیا سلسلہ، موسم خوشگوار مگر ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری
بارشوں کا نیا سلسلہ، موسم خوشگوار مگر ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)سوات میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ وادی کے حسین مناظر مزید دلکش ہو گئے ہیں۔
مینگورہ سمیت سوات کے مختلف میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کے بعد پہاڑوں اور سرسبز وادیوں کے نظارے مزید نکھر گئے ہیں۔
خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے بڑی تعداد میں سیاح وادی کالام اور مالم جبہ کا رخ کر رہے ہیں، جس سے سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 22 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے سیاحوں اور شہریوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری طور پر ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔
