طلاق کے بعد بیٹی سمیت اپنے اخراجات خود اٹھائے، زندگی صفر سے شروع کی: شرمین علی
اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ شرمین علی نے طلاق کے بعد خود مختار بننے، اپنی بیٹی کی کفالت کرنے اور شوبز میں اپنی جگہ بنانے کے سفر پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شرمین علی نے بتایا کہ کم عمری میں شادی کی وجہ سے ان کی تعلیم مکمل نہ ہو سکی اور علیحدگی کے بعد ان کے پاس خود مختار ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔
اداکارہ کے مطابق طلاق کے بعد وہ اپنے والدین کے گھر واپس آئیں، تاہم وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کے بوڑھے والدین ان کے اور ان کی بیٹی کے اخراجات برداشت کریں، اسی لیے انہوں نے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔
شرمین علی نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے کپڑوں کی ڈیزائننگ، ہوم ڈیکور اور دیگر خدمات فراہم کرنا شروع کیں۔ ان کے بقول، صرف تین ماہ بعد پروڈیوسر نینا کاشف کی جانب سے کام کی پیشکش ملی، جس کے بعد انہوں نے شوبز انڈسٹری میں باقاعدہ قدم رکھا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں خاندان کو شوبز میں آنے پر تحفظات تھے، مگر مالی خود مختاری ان کی ضرورت تھی۔ شروع میں کم پروجیکٹس ملے، لیکن انہی مواقع نے انہیں آگے بڑھنے میں مدد دی اور وقت کے ساتھ انہوں نے انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا لی۔
شرمین علی کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کی تھی، لیکن شادی کے دوران پیش آنے والے تجربات کے بعد ایک خوداعتماد لڑکی کے طور پر ان کا اعتماد متاثر ہوا، جس کے باعث انہیں اپنی زندگی دوبارہ صفر سے شروع کرنا پڑی۔
