منی لانڈرنگ کیس: حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت بحال
منی لانڈرنگ کیس: حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت بحال
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کی بڑی بہن اور معروف ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت بحال کردی ہے۔
یہ فیصلہ جسٹس محمد اعظم خان نے سنایا، جس کے تحت ڈاکٹر فضیلہ عباسی کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت دی گئی اور انہیں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
سماعت کے دوران ڈاکٹر فضیلہ عباسی اپنے وکیل نعیم بخاری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل کا مؤقف تھا کہ ان کی موکلہ تین مرتبہ عدالت میں پیش ہو چکی ہیں، جبکہ ایک بار عدم پیشی پر انہوں نے تین روز کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایا تھا، اس کے باوجود ضمانت خارج کر دی گئی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر اربوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ان کے 22 بینک اکاؤنٹس میں تقریباً 25 ارب روپے جمع کرائے گئے، جنہیں بعد ازاں دبئی اور امریکا منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق اس رقم کے ذرائع تاحال واضح نہیں ہو سکے ہیں۔
