اقوام متحدہ میں پاکستان کی اسرائیلی حملوں کی مذمت، لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ
اقوام متحدہ میں پاکستان کی اسرائیلی حملوں کی مذمت، لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران پاکستان نے لبنان میں جاری اسرائیل کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرہ آبادی تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ لبنان میں انسانی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور بحران خطرناک حد تک شدت اختیار کر چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباری، خصوصاً جنوبی لبنان اور گنجان آباد علاقوں میں، شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔
پاکستان نے لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور وحدت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی کارروائیوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
اجلاس میں اس مؤقف کو دہرایا گیا کہ شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے اور انسانی قوانین کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں۔
مزید برآں، پاکستان نے لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
اجلاس کے دوران پاکستان نے کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ سفارتی کوششیں تیز کی جائیں، انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔
