اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا بھارت پر دہشتگردی کی معاونت کا الزام، خطے کے عدم استحکام کا ذمہ دار قرار

0
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا بھارت پر دہشتگردی کی معاونت کا الزام، خطے کے عدم استحکام کا ذمہ دار قرار

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا بھارت پر دہشتگردی کی معاونت کا الزام، خطے کے عدم استحکام کا ذمہ دار قرار

اسلام آباد(کیپٹل ٹائمز نیوز ڈیسک)پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس کے دوران بھارت پر خطے میں عدم استحکام اور دہشتگردی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی پالیسیاں خطے میں کشیدگی اور دہشتگردی کے فروغ کا سبب بن رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت بعض دہشتگرد گروہوں کی معاونت، پشت پناہی اور مالی مدد کر رہا ہے اور انہیں پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ مارچ میں کی جانے والی کارروائیاں افغانستان میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف تھیں اور ان کا مقصد افغان عوام یا شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ ان کے مطابق کارروائیوں کے دوران ڈرونز اور اسلحہ کے ذخائر کو ہدف بنایا گیا اور تمام حملے پیشہ ورانہ اور سوچے سمجھے انداز میں کیے گئے۔

پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ کسی اسپتال، منشیات بحالی مرکز یا دیگر شہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا، جبکہ حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کی گئیں جن سے اہداف کی نوعیت واضح ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں بھارتی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، جبکہ بھارت اور افغان طالبان کے درمیان بڑھتے روابط دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں کے بعد مزید نمایاں ہوئے ہیں۔

عاصم افتخار کے مطابق گزشتہ سال دہشتگردی کے واقعات میں 1,200 سے زائد پاکستانی جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے جو اب بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔

پاکستان نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی بھارت کی پراکسی تنظیم کے طور پر کام کرتی ہے اور اسے بھارتی معاونت اور مالی مدد حاصل ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستانی مندوب نے کہا کہ افغانستان میں دہائیوں سے جاری تنازعات کے اثرات پاکستان نے برداشت کیے ہیں، جبکہ افغانستان میں امن، خوشحالی اور استحکام کا سب سے زیادہ فائدہ بھی پاکستان کو ہی پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے ایک مستحکم افغانستان ناگزیر ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے